الوقت - یمن کی قومی نجات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا یمن پر سعودی عرب کے حملوں کو تہران کے ساتھ ریاض حکومت اور واشنگٹن کے تنازع سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے جو مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔
یمن کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ایران کے حالیہ میزائل تجربے اور یمن کے ساحل کے قریب سعودی عرب کے جنگی جہاز پر یمنی فوج کے میزائل حملے کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی بنیاد پر وائٹ ہاؤس کے بیان کے جواب میں کہا کہ امریکا کے بیان کا مقصد غلط ہے اور امریکا، یمن کی حفاظت کے مسئلے کو ایران - امریکہ تنازعہ سے جوڑنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ احمر اور یمن کی سرزمین پر مداخلت کے لیے امریکا بہانے تلاش کر رہا ہے اور اگر یمن پر کوئی فوجی حل مسلط کرنے کی کوشش کی گئی اور علاقے میں خفیہ سازشیں کی گئیں تو اس طرح کے کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یمن کی فوج اور رضاکار فورسز نے حال ہی میں بحیرہ احمر میں الحدیدہ بندرگاہ کے قریب سعودی عرب کی جنگی کشتی پر میزائل سے حملہ کیا تھا جس کے بعد سعودی عرب اور اس کے حامیوں میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔