الوقت - شام کے خان شیخون علاقے پر کیمیائی حملے کو بہانہ بنا کر امریکہ نے شام کے صوبے حمص پر بڑے پیمانے پر میزائل حملے شروع کر دیئے ہیں۔
امریکہ کے فوجی ذرائع کے مطابق شام میں مختلف اہداف پر 70 گائڈیڈ ميزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ الميادين ٹی وی چینل نے بھی بتایا ہے کہ بحیرہ روم میں تعینات امریکہ کے جنگی جہازوں سے دسیوں میزائل شام کی جانب فائر کئے گئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق حمص صوبے کی شعيرات ہوائی چھاؤنی کو بنیادی طور پر ان حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ابھی اس حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
اس دوران امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر میزائل حملے کا حکم دینے کے بعد دعوی کیا ہے کہ اس ملک کے صدر بشار اسد نے لوگوں کے قتل عام کے لئے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے شام پر حملے کی خبر سامنے آنے کے فورا بعد کہا کہ میں نے شعيرات ہوائی چھاؤنی پر محدود حملے کا حکم دیا ہے کیونکہ شام میں کیمیائی حملے یہیں سے شروع ہوئے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ کیمیائی حملوں کے استعمال اور توسیع کو روکنا امریکہ کے قومی مفادات کے مطابق ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ میں دنیا کے تمام مہذب ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ شام میں قتل اور خونریزی کے خاتمے کے لئے آگے آئیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کی قومی سلامتی اور اہم مفادات کی حفاظت کے لئے شام پر میزائل حملے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشار اسد نے شام کے لوگوں کے قتل عام کے لئے سرین گیس کا استعمال کیا ہے۔ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ اسد کے رویے کو تبدیل کرنے کے لئے برسوں سے جاری کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔