الوقت - یمن کے عوام نے ملک کے 49 ویں یوم آزادی کی مناسبت پر دارالحکومت صنعا میں جمع ہو کر قومی اتحاد کی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
یمن کے اعلی انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی اور کچھ دیگر رہنماؤں، فوجی حکام اور شہری تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے اعلان پر عوام بدھ کی شام بڑی تعداد میں دارالحکومت صنعا میں جمع ہوئے۔
اس مظاہرے میں شریک افراد نے قومی نجات کی حکومت کی تشکیل کی حمایت کی اور کہا کہ یہ مظاہرے، ان قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں جو یمنی قوم نے استعماری طاقتوں اور غاصبوں سے نجات پانے کے لئے دی ہیں۔
اس تقریب میں شریک افراد نے کہا کہ سعودی عرب اور امریکا کے حملوں کے جاری رہنے اور یمن کے محاصرے کے باوجود جشن آزادی کے اس پروگرام کا انعقاد، اس دن کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 26 مارچ 2015 سے یمن پر حملے شروع کر رکھے ہیں جن میں اب تک دس ہزار سے زائد یمنی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔