الوقت - روس کے صدر نے بغداد میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کے ساتھ تعاون پر تیار ہے۔
روس کے صدارتی محل نے پیر کو ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ روسی صدر نے بغداد کے حالیہ حملوں پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ روس، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی عوام اور حکام کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔
اسپوتنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے ایوان صدر کی پریس ریلیز میں زور دیا گیا ہے کہ صدر ولادیمير پوتين نے سخت الفاظ میں بغداد میں حالیہ حملے پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ ان حملوں سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر نے ایک بار پھر عراق کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے ملک کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس سے پہلے روسی وزیر خارجہ سرگي لاوروف بھی کہہ چکے ہیں کہ ماسکو، عراقی حکومت اور عراقی کردستان کی مقامی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کرے گا۔
عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے بھی ایک ماہ پہلے لبنان کے الميادين ٹی وی چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عراق کو داعش کے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ایران، شام اور روس کی مدد کی ضرورت ہے۔