الوقت - شمالی شام کے صوبہ حلب میں تکفیری دہشت گردوں کے ایک اسکول پر حملے 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔
جمعرات کو دہشت گردوں نے اسکول پر راکٹ سے حملہ کیا، جس میں کم از کم 5 بچوں کی موت ہو گئی اور 4 دیگر زخمی ہو گئے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق، دہشت گردوں نے صوبہ حلب کے حمدانيہ علاقے میں واقع ایک اسکول پر راکٹ فائر کیا۔
واضح رہے کہ حلب شہر کے نواحی علاقوں سے دہشت گرد اس شہر کے رہائشی علاقوں پر راکٹ حملے کرتے رہتے ہیں۔ شہر پر ہونے والے ان حملوں میں اب تک بہت سے شہریوں کی موت ہو چکی ہے اور بڑی تعداد میں شہری زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب شام کی فوج مشرقی حلب میں اپنی پیشرفت جاری رکھتے ہوئے متعدد دیگر علاقوں کو آزاد کرانے میں کامیاب رہی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے جمعرات کو روس کی فضائیہ کی مدد سے مشرقی حلب کے دیر حافر شہر اور تل السوس، عاكوم، ام العدس اور كياره نامی گاؤں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرانے میں کامیابی حاصل کی۔ فوج کی اس کارروائی میں دہشت گردوں کو شدید جانی و مالی نقصان ہوا۔
دوسری طرف شام کی فوج اور اس کی اتحادی فورس نے ملک کے مشرق میں واقع صوبہ حماۃ کے خطاب اور ارزه نامی گاؤں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔
شام سے ایک اور خبر یہ ہے کہ حمص میں مختلف علاقوں میں فوج کی کامیابی اور کئی علاقوں پر فوج کے کنٹرول کے بعد اس شہر کے بہت سے اداروں نے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔