الوقت - یمن کی فوج اور رضاکار فورسز نے سعودی عرب کی جنوبی سرحد پر واقع صوبہ جيزان اور نجران میں سعودی عرب کے فوجیوں کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے ہیں۔
المسيرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے ایک فوجی ذریعے نے بتایا ہے کہ منگل کو یمن کی فوج کی ٹینک یونٹ نے صوبہ جيزان کے الدخان، المنتزہ، الشبكہ اور الثوابتہ علاقوں میں سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں پر شدید بمباری کی جس میں متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
المسيرہ ٹی وی چینل نے اسی کے ساتھ یہ بھی بتایا ہے کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے نجران کے سرحدی علاقوں میں توپخانوں سے سعودی عرب کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جس میں شدید نقصان ہوا ہے۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر یمنی فوج نے صوبہ نجران کی الخضراء پاس کے سامنے سعودی عرب کی ایک بكتربند گاڑی اور دو فوجی گاڑیوں کو تباہ کر دیا اور مارٹر گولوں سے مشرقی علاقے میں سعودی عرب کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جس میں کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
سعودی عرب نے 26 مارچ 2015 سے یمن پر وسیع حملے شروع کئے ہیں لیکن یمنی فوج اور رضاکار فورس کی شدید مزاحمت کی وجہ سے وہ یمن میں اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل کرنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔