الوقت - شام کی فوج جمعے کو صوبہ حلب کے مزید مغربی علاقوں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرانے میں کامیاب رہی ۔
شام کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے فارس نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ اس کارروائی میں شام کی فوج اور رضاکار فورس نے شمالی شام کے صوبہ حلب کے مغرب میں واقع شہید جہاد اور شہینا علاقوں میں دہشت گرد گروہ کو کاری ضرب لگائی ہے۔
شام کی فضائیہ نے بھی اسی طرح صوبہ حلب کے کئی علاقوں پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر شدید بمباری کی۔ در ایں اثنا شام کی فوج نے پالميرا یا تدمر علاقے کے نواحی علاقوں میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دیئے ہیں ۔ شام کی فوج نے جمعرات کو باضابطہ تدمر کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب اسپوتنک خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ روسی فوج کے آپریشنل كمانڈ کے سربراہ سرگئی روڈسكوئی نے کہا ہے کہ دس ہزار شامی پناہ گزین، دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد ہونے والے مشرقی حلب کے علاقوں میں اپنے گھروں کو واپس ہو گئے ہیں۔
شام کی فوج نے جنوری 2017 کے آخر میں مشرقی حلب کی آزادی کی وسیع مہم شروع کی تھی جس کے تحت اب تک دسیوں گاؤں اور بستیاں آزاد ہو چکی ہیں۔