الوقت - سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاگل نہیں عمل پسند شخص ہیں۔
جرمن میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ امریکا سے ہمارے تعلقات میں مزید توسیع ہوگي۔ ميونخ میں ہوئی سیکورٹی كانفرنس میں دنیا بھر کے لیڈروں نے ٹرمپ کی پالیسیوں کی تنقید کی لیکن سعودی وزیر خارجہ نے ان کی تعریف کی۔ جبیر نے کہا کہ مجھے کوئی خوف نہیں ہے، بلکہ میں بہت پر امید ہوں کیونکہ ٹرمپ خیالوں میں چکر کاٹنے والے شخص نہیں کام کرنے والے انسان ہیں ۔
عادل الجبیر نے کہا کہ ٹرمپ نے جو کابینہ بنائی ہے اس میں سارے تجربہ کار افراد ہیں۔ امریکا میں مسلمانوں کے داخلے کے بارے میں بنائے گئے سخت قوانین سے متعلق سوال کے جواب میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے مسلمانوں کو امریکا میں داخل ہونے سے نہیں روکا گیا ہے، سعودی عرب امریکا کے اس حق کا احترام کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر کچھ افراد کے داخلے پر پابندی عائد کرے۔
عادل الجبیر نے کہا کہ ٹرمپ نے ان ممالک کے شہریوں پر پابندی عائد کی ہے جہاں صحیح کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا اور صوماليہ میں حکومت نہیں ہے اور ایران دنیا میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے اس لئے سمجھا جا سکتا ہے کہ امریکا کیوں اپنی سرحدوں پر نگرانی بڑھا رہا ہے؟
جرمن میگزین نے عادل الجبیر سے یمن میں سعودی عرب کی فوجی مداخلت کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم یہ جنگ نہیں چاہتے تھے اور ہم نے یہ جنگ شروع نہیں کی، ہم نے تو یمنی عوام کی مدد کی ہے کہ وہ اپنے سیاسی نظام کو ٹریک پر لائیں لیکن الحوثی تحریک نے دارالحکومت صنعا کی جانب پیشرفت شروع کر دی اور یمن کی قانونی حکومت نے ہم سے مدد مانگی اور ہم نے اس کی مدد کی۔