الوقت - ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکے گریز سیکٹر میں برف کا تودہ گرنے سے 11 ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 25 جنوری کو دیر شام پیش آیا۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی فوج کے اہلکار گریز سیکٹر پر واقع اپنے کیمپ میں موجود تھے تبھی تیز برفباری سے برف کا تودہ گرا جس میں مکمل کیمپ برف کے ڈھیر میں دب گیا۔ اس واقعہ میں 11 فوجی ہلاک ہو گئے۔
فوج کے ایک افسر نے بتایا کہ باندی پورہ ضلع میں کنٹرول لائن کے قریب گریز سیکٹر میں بدھ کی شام برف کی ایک بڑی چٹان فوجی کیمپ پر آ گری جس میں کئی فوجی پھنس گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ایک جونیئر کمیشن افسر سمیت سات فوجیوں کو زندہ بچا لیا گیا۔
افسر کے مطابق دوسرا واقعہ بھی گریز سیکٹر میں بدھ کی ہی شام کو پیش آیا۔ اس کی زد میں ایک گشتی ٹیم آ گئی جو اپنی چیک پوسٹ پر واپس جا رہی تھی۔ انتظامیہ نے مزید واقعات کی بابت انتباہ جاری کیا ہے۔ ان علاقوں میں تین دنوں سے رک رک کر برفباری ہو رہی ہے۔