الوقت - قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شام امن مذاکرات کے شرکاء فریق نے اپنے اعلامیے میں شام کی ارضی سالمیت کی حمایت کرتے ہوئے دہشت گردی سے جدوجہد پر زور دیا ہے۔
آستانہ امن مذاکرات کے اعلامیے کو منگل کے روز قزاقستان کے وزیر خارجہ غیرت عبدالرحمن اوف نے پڑھا۔ اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ مذاکرات، شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان براہ راست مذاکرات شروع کرنے کا مقدمہ ہے اور آستانہ اجلاس، جنیوا مذاکرات کی کامیابی میں شریک ہوگا۔
آستانہ امن مذاکرات کے اعلامیے میں آیا ہے کہ تمام فریق داعش اور النصرہ فرنٹ یا فتح الشام جیسے دہشت گرد گروہوں سے جدوجہد پر پابند ہوئے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شام کا اگلی امن مذاکرات بین الاقوامی قراردادوں کی بنیاد پر جلد از جلد منعقد ہونا چاہئے اور اسی طرح جنیوا مذاکرات میں مسلح گروہوں کی شرکت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اس بیان میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر شام کی ارضی سالمیت کی حفاظت پر زور دیا گیا ہے اور سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2336 کی بنیاد پر شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان سیاسی مذاکرات جاری رہنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس اعلامیے میں شام کے بحران کے کسی بھی طرح کے فوجی حل کو مسترد کیا گیا ہے۔