الوقت - یمن کے شمالی سرحدی علاقوں میں یمنی فوج اور سعودی ایجنٹوں کے درمیان شدید جھڑپوں میں سعودی عرب کے دسیوں ایجنٹ ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
المسيرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے شمالی سرحدی علاقے کے الخضرا پاس پر یمنی فوج اور رضاکار فورس نے جمعہ کو گھات لگا کر سعودی عرب کی فوج پر حملہ کیا جس میں بڑی تعداد میں سعودی ایجنٹ ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
اس ٹی وی چینل نے اسی طرح رپورٹ دی ہے کہ یمن کی فوج اور رضاکار فورس نے جنوبی صوبے تعز کے تبہ الشبیبہ، دارالغربی اور المضابی علاقوں میں سعودی ایجننٹوں کے جمع ہونے کی جگہ پر توپخانوں سے حملے کئے جن میں متعدد سعودی ایجنٹ ہلاک ہو گئے ۔
پریس ٹی وی نے بھی نجران کی فوجی چھاؤنی کے قریب یمنی فوج اور سعودی ایجنٹوں کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں میں دو سعودی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔
یمن ایک غریب عرب ملک ہے جس پر گزشتہ دو سال سے سعودی عرب اور اس کے عرب اتحادی وسیع پیمانے پر حملے کر رہے ہیں۔ ان حملوں میں 11 ہزار سے زیادہ یمنی شہریوں کے جانی نقصان، دسیوں ہزار کے زخمی ہونے، لاکھوں لوگوں کے بے گھر ہونے اور ملک کی تنصیبات کے تباہ ہونے کے علاوہ کوئی اور نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔
سعودی عرب 26 مارچ 2015 سے یمن پر وسیع پیمانے پر حملے کر رہا ہے جس کا بنیادی مقصد اس ملک کے مستعفی صدر منصور ہادی کو اقتدار میں پہنچانا ہے لیکن یمنی فوج اور رضاکار فورس کی سخت مزاحمت کی وجہ سے سعودی عرب اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کر سکا ہے۔