الوقت - شام کی فوج نے دمشق کے مضافاتی علاقے وادی بردی میں واقع بسيمہ نامی علاقے کو دہشت گردوں اور مسلح گروہوں سے آزاد کرا لیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعے کو شام کی فوج بسيمہ نامی علاقے کو آزاد کرانے کے بعد عین الخضراء نامی علاقے میں داخل ہوئی جس کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
در ایں اثنا ريف دمشق کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ وادی بردی میں وہ مسلح گروہ جو عام معافی کے خواہاں ہیں وہ اپنے ہتھیار فوج کے حوالے کر دیں اور اس کے بعد ان کے مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر شام کے سرکاری انجینئر وادی بردی علاقے میں داخل ہو گئے ہیں اور دمشق کو جانے والی واٹر سپلائی لائن کو درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ نے عین الفيجہ سے سپلائی ہونے والے دارالحکومت کے پینے کے پانی کی سپلائی لائن 24 دسمبر 2016 کو منقطع کردی تھی جس کے بعد دارالحکومت میں پانی کی کمی ہو گئی تھی تاہم حکومت مقامی لوگوں کو ٹینکروں سے پانی کی سپلائی کر رہی ہے ۔