الوقت - امریکا نے کہا کہ افغانستان، پاکستان اور ہندوستان کی سیکورٹی آپس میں جڑی ہوئی ہے اس لئے انہیں آپس میں تعاون کرنا چاہئے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ افغانستان کی سیکورٹی، پاکستان اور ہندوستان کی سلامتی آپس میں جڑی ہوئی ہے لہذا دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان ممالک کو آپس میں تعاون کرنا چاہئے۔
امریکا نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہندوستان، پاکستان اور افغانستان کے درمیان شراکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ، علاقے کی بہتری کے لئے ہے کیونکہ تینوں ممالک کی سیکورٹی ایک دوسرے پر منحصر ہے۔ مارک ٹونر نے کہا ہے کہ میرا خیال ہے کہ یہ ممالک، دہشت گردی سے نمٹنے کی مہم میں ایک ساتھ مل کر جتنا زیادہ کام کریں گے اتنا ہی یہ علاقے کے مفاد میں ہوگا۔
کابل واقع افغانستان کی پارلیمنٹ میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں اور قندہار حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹونر نے افغان حکومت کے ان الزامات پر اتفاق رای کا اظہار کیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا بدستور موجود ہونا دہشت گردوں کو اپنی مرضی سے افغانستان میں حملے کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے سیاسی حلقوں میں یہ بات عام ہے کہ پاکستان کی فوج اور خفیہ ایجنسياں، دہشت گرد گروہوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو برقرار رکھنے کو ترجیح دیتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کرنے کے لئے کچھ اقدامات کئے گئے ہیں اس کے باوجود مسئلہ اب بھی موجود ہے۔ ٹونر نے کہا کہ افغانستان کی پارلیمنٹ پر حملہ جمہوریت پر کیا گیا حملہ ہے اور امریکا، جنگ زدہ اس ملک کی حاصل کامیابیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا۔