الوقت - یمن میں فوج اور رضاکار فورسز نے کئی بڑے حملے کرکے کم سے کم 97 سعودی ایجنٹوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
منصور ہادی کے ماتحت یمن میں لڑ رہے سعودی ایجنٹوں نے صوبہ تعز میں بيرپاشا ائیرپورٹ کو واپس لینے کے لئے حملہ کیا لیکن یمنی فوج اور رضاکار فورسز نے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔ جوابی حملے میں تیس سعودی ایجنٹ ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
یمنی فوج اور رضاکار فورسز نے پیر کو اس ہوائی اڈے پر کنٹرول کیا جبکہ سعودی ایجنٹ اس کوشش میں ہیں کہ فوج کو اس ہوائی اڈے سے نکال دیں ۔
دارالحکومت صنعا کے مشرق میں بھی یمنی فوج اور رضاکار فورسز کی جانب سے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں 60 سعودی ایجنٹ ہلاک ہوئے جن کا تعلق منصور ہادی کے لئے لڑنے والی الفرقان تنظیم سے تھا۔
سعودی عرب مارچ 2015 سے یمن پر حملے کر رہا ہے۔ ان حملوں میں اب تک دس ہزار سے زائد یمنی ہلاک ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب یمن میں اپنی مرضی کی حکومت مسلط کرنا چاہتا ہے جبکہ یمنی عوام سعودی عرب کی یہ من مانی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔