الوقت - شام کی فوج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ريف دمشق کے حموريہ اور بیت سوا قصبے میں داخل ہو گئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق شام کی فوج کے جنگی طیاروں نے روس کی فوج کی مدد سے بدھ کو دارالحکومت کے خان الشیخ کیمپ کے مضافاتی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تہس نہس کر دیا۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر شام کی فوج ریحان قصبے کی طرف پیشرفت کرنے میں کامیاب رہی۔ شام کی فوج نے اسی طرح مغربی دمشق کے المرانہ قصبے کو آزاد کرا لیا اور اس کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے کھودی گئی 700 میٹر سرنگ کا پتہ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔
شام کی فوج نے گزشتہ ماہ دارالحکومت دمشق کے جنوبی اور جنوب مغربی علاقے خان الشیخ میں دہشت گردوں کے خلاف نیا آپریشن شروع کیا تھا۔
در ایں اثنا شام کی کرد فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ کرد فوج نے شمالی شام کے رقہ کے مضافاتی علاقوں میں اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے کچھ علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
دہشت گرد گروہ داعش نے گزشتہ ساڑھے چار سال پہلے رقہ پر قبضہ کر لیا تھا۔