الوقت - عراق میں دہشت گرد گروہ داعش کے آخری ٹھکانے موصل کو آزاد کروانے کے لئے آپریشن پوری رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انسداد دہشت گردی فورس کے کمانڈر منتظر سالم نے بتایا کہ عراقی فوج نے جمعے کو موصل کے مشرقی علاقے پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔ فوج نے موصل سے ملحق حمام العلین نامی علاقے کو دہشت گردوں سے آزاد کروانے کے بعد شہر کے ایئر پورٹ پر حملے کی تیاری کے لئے مہم کی رفتار کم کر دی تھی لیکن اب حملے پھر تیز ہو گئے ہیں۔
موصل آپریشن اب اپنے چوتھے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ موصل کی پوری طرح آزادی میں ابھی کچھ ہفتوں کا وقت لگ سکتا ہے۔
در ایں اثنا اطلاعات ہیں کہ داعش کے دہشت گردوں نے موصل میں 40 عام شہریوں کو خیانت کے الزام میں جاں سے مار کر بجلی کے کھمبوں پر لٹکا دیا۔
دوسری طرف موصل کے قریب تلعفر شہر میں ایک اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے جس میں داعش کے دہشت گردوں نے بڑی تعداد میں لوگوں کو مار کر دفن کر دیا تھا۔
موصل میں داعش کے دہشت گرد عام شہریوں اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اسی وجہ سے عراقی فوج کا آپریشن بہت کم رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔