الوقت - افغانستان کے صوبہ قندوز میں نیٹو کے فضائی حملے میں خواتین و بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوگئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، فضائی حملہ طالبان کے اس حملے کے بعد کیا گیا جس میں 2 امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
صوبائی ترجمان محمود دانش نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ افغان فورس اور اتحادی افواج نے طالبان کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا تھا۔ پولیس ترجمان محمود اللہ اکبری نے تصدیق کی کہ فضائی بمباری میں 30 افغان شہری ہلاک اور 25 زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب شہری اپنے گھروں میں سورہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے میں 3 ماہ کے شیرخوار بچے سمیت متعدد بچے بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد مشتعل مظاہرین اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین نے گورنر ہاوس کے باہر بچوں کی میتوں کے ہمراہ مظاہرہ کیا۔ سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کرتے ہوئے قتل عام کو ركوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ افغان مظاہرین اپنے ملک سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کا مطالبہ کر رہے تھے۔
نیٹو کے اس حملے سے پہلے جمعرات کو ہی امریکا کی فوج نے ایک بیان جاری کرکے صوبہ قندوز میں اپنے دو فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی اس وقت مارے گئے جب وہ افغانستان کے سکیورٹی اہلکاروں کی مدد کر رہے تھے۔