الوقت - ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ ہندوستان، عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، ہندوستانی ریاست کیرلہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہندوستان سافٹ ویئر برآمد کر رہا ہے، وہیں دوسری جانب پاکستان دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ہندوستان، عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے میں کامیاب ہو گيا ہے اور وہ اپنی اس مہم میں مزید تیز کرے گا تاکہ تاکہ پاکستان مکمل طور پر عالمی سطح پر تنہا پڑ جائے۔
انہوں نے بھارتی جنتا پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اڑی سیکٹر میں دہشت گردوں نے 18 ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کر دیا لیکن ہندوستان اس حملے کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد پورے ملک میں غم وغصے کی لہر پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن آئے گا جب پاکستانی عوام خود دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اپنی ہی حکومت کے خلاف ہوجائیں گے۔
نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کشمیر میں 110 سے زائد در اندازوں کو ہلاک کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام میں اگر ہمت ہے تو وہ ہندوستان کے ساتھ غربت، بیروزگاری اور ناخواندگی کے خاتمے کی جنگ کریں، پھر دیکھتے ہیں کون اس میں سرخ رو ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں کے اڑی سیکٹر میں ہندوستانی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔