الوقت - یمنی فوج کے ایک اسنائپر نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے العسیر میں دو سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
المسيرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی فوج اور رضاکار فورسز نے توپخانوں سے العسیر علاقے میں سعودی عرب کی فوج کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی۔
اسی طرح العالم ٹی وی نے صوبہ صنعا کے نهم علاقے میں سعودی عرب کے ایجنٹوں کی ایک بكتربند گاڑی کے تباہ ہونے اور اس پر سوار تمام افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔
دوسری طرف یمن پر سعودی عرب کے تازہ حملوں میں کم از کم پانچ عام شہری جاں بحق ہو گئے۔
یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعے کو صوبہ الجوف اور صعدہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ الجوف کے ضلع ہمدان پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری میں کم از کم تین عام شہری جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعے کو صوبہ صعدہ کے باقم ضلع پر بمباری کی جس میں دو عام شہری جاں بحق ہو گئے۔ ایک اور خبر کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ کے كتاف ضلع پر مختلف بار حملے کئے ہیں۔ ابھی تک ان حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی ہے۔
ادھر اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران یمن میں 300 عام شہری مارے گئے اور 400 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے ترجمان نے جمعے کو بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ یمن امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد، اس ملک میں 300 سے زیادہ عام شہری مارے گئے ہیں۔ یاد رہے زیادہ تر عام شہری، یمن پر سعودی عرب کے حملوں میں مارے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد نے امن مذاکرات میں ناکامی کے بعد 6 اگست سے یمن پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اگست 2016 میں سعودی عرب کے حملوں میں 329 عام شہری مارے گئے اور 426 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔