الوقت - شمالی شام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں بہت سے افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق، شمالی شام کے جرابلس شہر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 5 افراد جاں بحق اور 12 دیگر زخمی ہو گئے۔
ادھر شام کی فوج نے جنوبی حلب کے راموسہ ہائی وے پر کنٹرول قائم کرنے اور حماۃ کے شمال مغربی علاقوں کو آزاد کرانے کے بعد حلب کے مشرقی اور مغربی محاذوں کی جانب اپنی پیشرفت جاری رکھی ہے۔
حلب کے تمام محاذوں پر مشرقی حماۃ کے معان علاقے سے لے کر مغربی حلب کے محاذوں تک شام کی فوج کے ہوائی اور پوپخانوں کے شدید حملے جاری ہیں اور شام کی فوج اس علاقے میں وسیع مہم کی تیاری کر رہی ہے۔
حلب میں بھی فوج نے امن قائم کرنے اور سڑکوں پر نصب بموں کو ناکارہ بنانے کے بعد راموسہ ہائی وے کو شہریوں کے لئے کھول دیا ہے تاکہ لوگ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔
اسی طرح فوج نے ایک کارروائی کے دوران جنوبی شہر کے بصری الشام علاقے میں دہشت گردوں کے ایک آپریشن روم کو تباہ کر دیا۔ اس کارروائی میں کئی دہشت گرد مارے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے کئی فوجی آلات اور ساز و سامان بھی تباہ ہو گئے۔