الوقت - اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے نے کہا ہے کہ امریکا، شام میں جنگ کو طویل عرصے تک جاری رکھنے کی کوشش میں ہے۔
بشار جعفری نے الميادين ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شام کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی یکطرفہ پالیسیوں کی تنقید کی اور کہا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی بات صرف مغربی ممالک کی سازش ہے۔ انہوں نے اس مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے سلامتی کونسل کے اجلاس کے بارے میں کہا کہ شام کی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ہے اور اس سلسلے میں جو رپورٹیں پیش کی جا رہی ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے نے کہا کہ کچھ ممالک نے شام کے بحران کے آغاز سے ہی اپنی دشمنی دکھانا شروع کر دی تھی تاکہ شام کی حکومت کی پوزیشن کمزور کر سکیں اور انہوں نے ہی طاقت کے زور پر شام میں اقتدار کی تبدیلی کا کھیل شروع کیا تھا۔ بشار جعفری نے اسی طرح ترکی کی فوج کی طرف سے شام کی فضائی و زمینی سرحدوں کی خلاف ورزی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا جائزہ لے کر اپنی ذمہ داری پوری کرے۔