الوقت - یمن کی تحریک انصار اللہ کا ایک وفد عراقی حکام سے مذاکرات کے مقصد سے بغداد پہنچ گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی فارس نے المسيرہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عبد السلام کی صدارت میں عراقی حکام سے مذاکرات کے مقصد سے یمن کی تحریک انصار اللہ کا ایک وفد کل شام بغداد پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق انصار اللہ کا وفد عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری سمیت سینئر عراقی حکام سے ملاقات کرے گا۔
امید ہے کہ انصار اللہ کا وفد اس ملاقات میں یمن پر سعودی عرب اور امریکی جارحیتوں کی تازہ صورتحال، یمن بحران کے حل کے لئے ہونے والے آخری مذاکرات کے نتائج اور سعودی عرب کے محاصرے سے مقابلے کے لئے یمنی عوام کی مدد کے راستوں کا جائزہ لے گا۔
کہا جا رہا ہے کہ تحریک انصار اللہ کا وفد عراق کے بعد ایران اور لبنان کا بھی دورہ کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی جارحین نے مسلسل تیسرے ہفتے یمن کے دارالحکومت صنعا کے ہوائی اڈے پر انصار اللہ کے وفد والے طیارے کو نہیں اترنے دیا جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔