الوقت - فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جمعہ کو عالمی یوم قدس کے موقع پر ایران سمیت دنیا کے 50 سے زائد ملکوں میں لوگوں نے ریلیاں نکالیں جس میں دسیوں لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔
ان ریلیوں میں شرکت کرنے والے لوگوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کے تئیں اظہار یکجہتی کی اور اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی۔
دارالحکومت تہران اور ملک کے 850 دوسرے شہروں میں مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 30 منٹ پر عالمی قدس یوم ریلیاں نکلنا شروع ہوئیں۔ دارالحکومت تہران میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ کی چلچلاتی دھوپ میں لاکھوں کی تعداد میں روزے داروں نے شرکت کر کے فلسطین کے تئیں اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔
مشہد المقدس میں عالمی یوم القدس کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں کے شرکاء نے اہم چوراہوں سے بارگاہ رضوی کی جانب مارچ کیا اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
قم المقدسہ میں عالمی یوم القدس کی ریلیاں بارگاہ حضرت معصومہ (س) پہنچ کرختم ہوئیں جن میں لاکھوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے کہ جن پر امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے درج تھے۔
ایران میں منعقد ریلیوں میں یہودی کمیونٹی سمیت غیر مسلمان کمیونٹی کے افراد نے بھی شرکت کی ۔
اسلامی انقلاب کے بانی مرحوم امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور فلسطینی قوم کی حمایت کے لئے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم قدس قرار دیا تاکہ اس دن پوری دنیا میں انسانیت کا درد رکھنے والے ریلیاں نکال سکیں۔
تہران میں جمعہ کو منعقد عالمی یوم قدس کی ریلی میں صدر روحانی بھی شامل ہوئے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ ایرانی قوم نے ان ریلیوں میں حصہ لے کر یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی غاصبانہ قبضے اور مظالم کے خلاف جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔
وزیر خارجہ جواد ظریف بھی عالمی یوم قدس کی ریلی میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا، "علاقے سمیت دنیا بھر کے مسلمان صیہونی حکومت کو نہ صرف عالم اسلام بلکہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔
عالمی یوم قدس پر عراق، ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور ملیشیا میں ریلیاں نکالی گئیں۔ اسی طرح یورپ میں جرمنی، انگلینڈ، فرانس، نیدرلینڈ، سویزرلینڈ، كینیڈا اور امریکہ کی 14 ریاستوں میں ریلیوں کا انعقاد ہوا۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے جلوسوں، ریلیوں اور اجتماعات میں شرکت کر کے، ثابت کردیا کہ دنیا کے حریت پسند انسان، فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔