الوقت - عراقی فوج اور سیکورٹی ایجنسیوں نے کربلائے معلی میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
عراقی فوج کے فرات کور کے کمانڈر جنرل قیس المحمدی نے بتایا ہے کہ فوج اور سیکورٹی ایجنسیوں نے داعش کے دہشت گردوں کی طرف سے کربلائے معلی میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
جنرل قیس المحمدی نے بتایا کہ عراقی خفیہ ایجنسیوں نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے اس خفیہ حملے کے بارے میں پہلے سے مطلع کر دیا تھا، جس کے بعد سے کربلائے معلی کا سیکورٹی نظام سخت کر دیا گیا تھا۔ جنرل قیس نے بتایا کہ فرات کور مسلسل مشتبہ افراد پر نظر رکھے ہوئے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ داعش کے دہشت گرد دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑیوں کے ساتھ کربلائے معلی جانے والے راستے سے شہر میں گھسنے کی کوشش کر ہے تھے۔ جنرل قیس نے بتایا کہ عراقی فوج نے کربلاء پہنچنے سے پہلے ہی صحراء نخيب میں دہشت گردوں کو گھیر کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ حضرت علی (ع) کے یوم شہادت کے موقع پر کربلاء میں عراق سمیت دوسرے ممالک کے زائرین حاضر ہوتے ہیں۔