الوقت - شامی کرد اور عرب فورس کے اتحاد ایس ڈی ایف نے شام کے سرحدی قصبے منبج کو گھیرے میں لے کر، اس راستے کو بند کر دیا ہے جس کے ذریعہ ترکی سے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کو رسد پہنچتی تھی۔
مبینہ سیرین آبزرویٹري فار ہیومن رائٹس کے مطابق، شامی ڈیموکریٹک فورس ایس ڈی ایف نے جو کرد، عرب، آشوري، ارمني اور تركمن جنگجوؤں پر مبنی ہے، پیپلز پروٹیکشن یونٹ کی مدد سے، جمعے کو منبج قصبے کو اپنے محاصرے میں لے لیا۔
ایس ڈی ایف نے اسی طرح اس قصبے کے جنوبی حصے میں واقع اس روڈ کو بھی بند کر دیا ہے جہاں سے رقہ جاتے ہیں۔ اسٹرٹجیک نقطہ نظر سے اہم، منبج قصبہ شام کے صوبہ حلب میں واقع ہے۔ یہ قصبہ، ترکی کی سرحد سے رقہ تک داعش کی رسد کا اہم راستہ ہونے کے ساتھ اہم علاقہ بھی ہے۔
رقہ، دریائے فرات کے شمالی کنارے پر واقع شہر ہے جو مشرقی حلب سے تقریبا 160 کلومیٹرکے فاصلے پر واقع ہے ۔ اس قصبے پر تكفيريوں نے مارچ 2013 میں قبضہ کرلیا تھا اور 2014 میں اسے دہشت گردوں کے انتظامی امور کے کاموں کا مرکز قراردیا گیا تھا۔
اس وقت شامی فوج رقہ کو آزاد کرانے کی مہم میں مصروف ہے۔
ایس ڈی ایف کی منبج آپریشنل کمان نے جمعرات کو کہا کہ شامی فوج رقہ میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے قریب پہنچ گئی تھی۔
منبج حملے کے شروع سے اب تک داعش کے 132 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ایس ڈی ایف کے 21 جنگجو مارے گئے۔