الوقت - یمن کے بحران پر کویت میں امن مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔
الميادين ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصار اللہ اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی پارٹی کی قیادت کرنے والے مذاکرات کاروں کی ٹیمیں کویت پہنچ گئیں اور امن مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد شیخ بھی کویت پہنچ گئے ہیں۔
یمن کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمدعبد السلام نے مذاکرات کاروں کے صنعا سے روانہ ہونے سے پہلے فوج اور رضاکار فورسز سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات پر کڑی نظر رکھیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجاريک نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کے مطابق یمنی فریق کے مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔
امن مذاکرات پیر کو شروع ہونے والے تھے لیکن اقوام متحدہ کی نگرانی میں 10 اپریل سے نافذ ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کی سعودی عرب کی جانب سے خلاف ورزی کئے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے مذاکرات کاروں نے مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ مذاکرات تاخیر کا شکار ہو گئے تھے۔