الوقت - ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ کی پولیس نے دعوی کیا ہے کہ جمعے کو ہندوستانی فضائیہ کے ایم آئی- 17 ہیلی کاپٹروں نے ریاست کے ماؤنواز متاثر بستر کے سکما ضلع میں پرواز کے ساتھ ساتھ فائرنگ کی مشقیں کی ہے۔
پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 1 اپریل کو فضائیہ کے تین ہیلی کاپٹروں نے سکما علاقے میں پرواز کی اور ایک ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر نے ہوائی فائرنگ کی مشقیں کیں۔
چھتیس گڑھ میں خصوصی پولیس ڈائریکٹر جنرل (نکسل آپریشن) ڈی ایم اوستھی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ پوری کارروائی فضائیہ کے خصوصی تربیت حاصل شدہ کمانڈو دستے 'گروڑ' نے کی۔ تربیت میں AF اور سکما پولیس کے سینئر افسران بھی شامل ہوئے۔
ایسا نہیں کہ فضائیہ کی مشق پہلی بار ہوئی ہو۔ اس سے پہلے گزشتہ سال اکتوبر میں بھی ضلع بیجا پور میں فضائیہ نے ہیلی کاپٹروں سے فائرنگ کی مشقیں کی تھی۔
تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بستر میں ابھی تک فوج کے ہیلی کاپٹر کا استعمال سکیورٹی اہلکاروں کو ضروری ساز و سامان پہنچانے دوسرے وسائل پہنچانے یا زخمیوں کی منتقلی کے لئے ہوتا رہا ہے۔
کئی بار ماؤنوازوں کی طرف سے ان ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق فوج اپنے ہیلی کاپٹروں سے صرف دفاعی حملے ہی کرے گی لیکن انسانی حقوق کی تنظیم پولیس کے اس بیان سے سے مطمئن نہیں ہے۔