الوقت - یمن کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن جلد ہی سعودی جارحین کا قبرستان بن جائے گا۔
یمن کی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے اتوار کو ملک کی سرکاری خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام نے پوری طاقت اور شجاعت کے ساتھ اپنے ملک کا دفاع کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ سعودی حملوں کے مقابلے میں شکست نہیں کھائیں گے اور اور اگر جنگ جاری رہی تو یمن، آل سعود کے فوجیوں کا قبرستان بن جائے گا۔
شرف لقمان نے یمن کے بنیادی ڈھانچوں اور گھروں کی تباہی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود، یمن کے عوام کا قتل عام کر کے کچھ بھی حاصل نہیں كر سکا اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس ملک کے بنیادی ڈھانچے اور اسکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
یمن کی فوج کے ترجمان نے اسی طرح یمن میں سعودی عرب کے وحشیانہ حملوں پر کچھ علاقائی ممالک اور عرب ممالک کی خاموشی کی تنقید کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے تقریبا ایک سال پہلے یمن پر حملے شروع کئے تھے جس میں 8400 سے زیادہ شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ ان حملوں میں اسی طرح یمن کے 80 سے زائد بنیادی ڈھانچے بھی تباہ ہو چکے ہیں۔