الوقت - ایران کی وزارت خارجہ نے پاراچنار میں نمازیوں پر دہشت گردانہ حملے کی سخت تنقید کی ہے اور پاکستانی حکومت، عوام اور حملے سے متاثر ہونے والوں کو تعزیت پیش کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ جب تک کچھ لوگ، گفتگو کی جگہ، زور زبردستی اور طاقت کو اپنے مقصد کے لئے استعمال کریں گے اور علاقے کے بعض ممالک اپنے مفادات کو عدم تحفظ اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کے پھیلاؤ میں دیکھیں گے، اس وقت تک دہشت گردی کی بیخ کنی ممکن نہیں ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ علاقے اور دنیا میں دہشت گردی کا خاتمہ، انتہا پسندی کے حامیوں کو ہر طرح سے روکنے اور دنیا بھر کے ممالک کے درمیان اجتماعی اور حقیقی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو پاکستان کے پاراچنار میں شیعہ مسلمانوں کے امام بارگاہ میں ایک دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 22 افراد شہید اور 70 دیگر زخمی ہو گئے۔
پاکستانی طالبان کی ایک شاخ جماعت الاحرار نے ویڈیو پیغام میں پاراچنار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔