الوقت - عراق کی رضاکار فورس نے موصل میں داعش کے دو ڈرون طیارے مار گرائے ہیں ۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صوبہ نینوا کی آزادی کے لئے شروع ہوئے آپریشن کے تحت عراقی رضاکاروں نے سنيچر کی رات داعش کے دو ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔
عراقی رضاکار فورسز کے ترجمان احمد الاسدی نے بتایا کہ داعش کے ان ڈرون طیاروں کو "قاطع الحذر " نامی علاقے میں مار گرایا گیا۔
صوبہ نینوا کی آزادی کے لئے چلائی جا رہی مہم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ داعش سے موصل کو آزاد کرانا آسان کام نہیں ہے لیکن ہم اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب مغربی موصل میں عراقی سکیورٹی فورسز نے داعش کا محاصرہ تنگ کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کے حکم پر 17 اکتوبر 2016 سے موصل کی آزادی کی مہم شروع ہوئی ہے۔ داعش نے جون 2014 میں عراق کے موصل شہر پر کنٹرول کر لیا تھا۔