الوقت - پاکستان کا کہنا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی کو وقتی طور پر تو روکا جا سکتا ہے لیکن اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
ہندوستان کے دار الحکومت نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط نے پاک ہائی کمیشن میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کہا کہ کشمیری اپنی تحریک آزادی میں ضرور کامیاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات بہتر ہوں گے اور تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کا راستہ تلاش کر لیا جائے گا۔
پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر مقامی کشمیروں کی امنگوں کے مطابق ہی حل کیا جائے گا۔
دوسری جانب کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے حکومت پاکستان، افواج اور عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان، امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ ملک ہے جو کشمیریوں کے حقوق کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔