الوقت - برطانوی پارلیمنٹ کے باہر اور نواحی علاقوں میں بیک وقت مشتبہ دہشت گردوں کے مختلف حملے میں دو افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہاؤس آف كامنز کے رہنما ڈیوڈ لینڈگٹن کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے برطانوی پارلیمنٹ کے احاطے میں پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کیا لیکن اس پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
مشتبہ دہشت گردانہ حملے کے وقت پارلیمنٹ کی عمارت میں ہاؤس آف كامنز کا اجلاس جاری تھا جسے ملتوی کر دیا گیا اور ممبران پارلیمنٹ کو اپنے چیمبرز میں رہنے کی ہدایت دی گئی۔
برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے میں تھریسا مے محفوظ رہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جب تک حملے کا مقصد پتہ نہیں چل جاتا ہم واقعہ کی دہشت گردی کے تحت تحقیقات کریں گے۔
دوسری جانب برطانوی پارلیمنٹ کے قریب ویسٹ منسٹر پل پر ایک اور مشتبہ دہشت گردانہ حملے میں کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ویسٹ منسٹر پل پر رونما ہونے والے واقعے کے بعد اضافی پولیس اہلکاروں کو طلب کر لیا گیا اور واقعہ کی انکوائری شروع کر دی گئی۔
برطانوی نیوز ایجنسی بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور ایک ہی شخص تھا جس نے پہلے ویسٹ منسٹر پل پر متعدد افراد پر گاڑی چڑھا کر زخمی کر دیا اور پھر پارلیمنٹ ہاؤس میں چاقو سے پولیس اہلکار پر حملہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حملے کے بعد زیر زمین ٹرین اسٹیشن کو بھی پولیس کی درخواست پر بند کر دیا گیا۔