الوقت - سات مسلم ممالک پر امریکہ میں داخلے پر عائد پابندی کے بعد امریکی حکومت نے آٹھ ممالک کے شہریوں پر لیپ ٹاپ، آئی پیڈ، کیمرے اور زیادہ تر الیکٹرانک ڈیوائس ساتھ لے کر سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
امریکی حکومت نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اس پابندی کے پیچھے کیا سبب ہے۔ امریکی سیکورٹی حکام نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
رائل جارڈن ایئر لائنز اور سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اس بارے میں اطلاع دی ہے۔ رائل جارڈين ایئر لائنز نے کہا کہ سیل فون اور طبی آلات اس پابندی میں شامل نہیں ہیں۔ ایئر لائنز نے کہا کہ الیکٹرانک ساز و سامان پر عائد پابندی سے نیویارک، شکاگو، ڈیٹرایٹ اور مونٹریال جانے والی اس کی پروازیں متاثر ہوں گی۔
ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ یہ پابندی دس بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے درمیان میں بغیر کہیں رکے براہ راست امریکہ آنے والی پروازوں پر نافذ ہوگی۔ امریکی عہدیدار کے مطابق یہ پابندی غیر معینہ مدت کے لئے ہے۔
ان بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں قاہرہ، عمان، کویت سٹی، مراکش کا کیسا بلانکا، دوحہ، ریاض اور جدہ، استنبول اور ابو ظبی اور دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ شامل ہیں۔ ایک اور امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے مجموعی طور پر نو ہوا بازی کمپنیاں متاثر ہوں گی۔