الوقت - شام کی فوج نے ایک اسرائیلی جاسوسی ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔
شام سے موصولہ خبروں کے مطابق اسرائیل کا جاسوسی ڈرون طیارہ شام کی فضائی حدود میں داخل ہوکر جاسوسی کر رہا تھا کہ شامی فوج نے اس ملک کے جنوب میں واقع قنیطرہ علاقے میں اسے مار گرایا مگر صیہونی حکام نے ابھی تک اس پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
اس سے پہلے شام کی مسلح افواج کے سربراہ نے زور دے کر کہا تھا کہ اس طرح کے اقدامات کی تکرار کی صورت میں ہر ممکن وسائل سے اس کا براہ راست جواب دیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے صیہونی حکومت کی ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے پر بھی تاکید کی تھی۔
گزشتہ جمعے کو بھی صیہونی حکومت کے چار جنگی طیاروں نے لبنان کے راستے سے اس ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام کے البريج علاقے میں ایک فوجی مرکز پر حملہ کیا تھا۔
شامی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صیہونی جنگی طیاروں کو شامی اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم کا سامنا ہوا اور اس میں سے ایک کو مقبوضہ علاقے میں مار گرایا گیا جبکہ باقی فرار پر مجبور ہو گئے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایک طیارہ مار گرایا گیا جبکہ دوسرے پر بھی میزائل لگا لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
سیاسی اور فوجی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران، روس اور حزب اللہ کی حمایت سے حالیہ مہینوں میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شامی فوج کو جو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اس کی وجہ سے اس کے حوصلے بہت بلند ہو گئے ہیں اور اس حمایت نے اس میں امید کی کرن پیدا کر دی ہے۔