الوقت - یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی بمباری کے جواب میں یمنی فوج نے دار الحکومت ریاض میں واقع ملک سلمان فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا ہے۔
سنیچر کی رات یمنی فوج نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع ملک سلمان فوجی چھاؤنی پر میزائل سے حملہ کیا۔
فروری کے آغاز میں بھی یمنی فوج نے ریاض کے مغرب میں واقع ایک فوجی چھاؤنی کو میزائل سے نشانہ بنایا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ میزائل سے کتنا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
چاروں طرف سے محاصرے کے باوجود، ریاض میں واقع فوجی چھاؤنیوں پر میزائل حملوں سے یمنی فوج کی میزائل توانائی کا پتہ چلتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے امریکہ کی حمایت سے 26 مارچ 2015 سے یمن کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے جس میں اب تک 11 ہزار سے زائد یمنی شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔
یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ حملے کا ہدف، سابق صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں پہنچانا ہے تاہم یمنی فوج اور عوام کی شدید مزاحمت کے بعد سعودی عرب یمن میں اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔