الوقت - اسرائیلی محاصر میں گھرے غزہ پٹی میں محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملوں کے بعد سے تین بجلی گھر ٹھپ ہوگئے ہیں اور غزہ پٹی میں مکمل اندھیرا چھایا ہوا ہے۔
جمعرات کو غزہ پٹی میں بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے محکمہ تعلقات عامہ کے عہدیدار محمد ثابت نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے حملہ کرکے القبہ، الشاف اور العاشر بجلی گھروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
کمپنی نے خراب تین سپلائی لائنز کی تعمیر نو کے لئے کوئی وقت مقرر نہیں کیا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے بدھ کی رات ایک بیان جاری کر کے کہا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں تحریک حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے دعوی کیا ہے کہ یہ حملے غزہ سے مقبوضہ علاقوں میں راکٹ فائر کئے جانے کے جواب میں کئے گئے ہیں۔ الاقصی ٹی وی چینل نے رپورٹ دی تھی کہ صیہونی جنگی طیاروں نے جمعرات کی صبح غزہ کے مرکزی حصے میں واقع دیرالبلح کے مغرب میں متعدد علاقوں اور غزہ شہر کے مشرقی حصے میں زرعی زمینوں پر بمباری کی ۔
اسی طرح اسرائیلی فضائیہ نے ایف -16 جنگی طیاروں سے غزہ کے شجاعیہ علاقے پر بمباری کی جس سے علاقے کے بجلی گھر کو شدید نقصان پہنچا اور بجلی کٹ گئی۔ ان حملوں میں کسی ممکنہ جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔
اس سے پہلے صیہونی فوجیوں نے یہ دعوی کیا کہ غزہ پٹی سے جنوبی مقبوضہ زمین کے ایک غیر آباد علاقے پر راکٹ فائر ہوئے جس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ غور طلب ہے کہ صیہونی فضائیہ مسلسل غزہ پٹی پر بمباری کرتی ہے جس میں عام طور پر عام شہری نشانہ بنتے ہیں۔