الوقت - عراقی فوج نے مغربی موصل کے نینوا ریلوے اسٹیشن، سیمنٹ کارخانے اور متعدد دوسرے علاقوں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی پولیس کے کمانڈر رائد جودت نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے منگل کی صبح نینوا ریلوے اسٹیشن کو آزاد کرا لیا اور شہر کے مغربی حصے کے باب الطوب علاقے میں تیزی کے ساتھ مہم جاری رکھی ہے۔
عراقی فوجیوں نے قدیم موصل کے جنوب مشرقی علاقے باب الطوب کے سیمنٹ کے کارخانے کو بھی آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی فوجیوں نے اسی طرح موصل شہر کے مغربی حصے میں واقع الجفال گاؤں، جدید موصل اور تیل سے مالا مال کچھ علاقوں کو دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرا لیا ہے۔
عراقی رضاکار فورس نے منگل کو مغربی موصل میں العكيدات علاقے میں داعش کے ساتھ ہونے والی شدید جھڑپوں کی ویڈیو جاری کی ہے۔
موصل شہر کی آزادی کی مہم کے کمانڈر عبد الامیر ياراللہ نے اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ عراق کی فیڈرل پولیس نے العكيدات علاقے کو آزاد کرا لیا ہے اور اس کی عمارتوں پر عراق کا قومی پرچم لہرا دیا ہے۔
عراقی فوجی اب تک مغربی موصل کے تقریبا 40 فیصد علاقوں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا چکے ہیں۔