الوقت - سعودی عرب نے مختلف شہروں میں سیکورٹی انتظامات انتہائی سخت کر دیئے ہیں اور غیر ملکی مزدوروں اور ملازمین کے دستاویزات سختی سے چیک کئے جا رہے ہیں جبکہ متعدد ملازمین کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکومت کے مخالفین کو پورے ملک میں سخت سیکورٹی انتظامات کا سامنا ہے اور اب تک متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی ارم نیوز ویب سائٹ کے مطابق جدہ، ریاض اور مکہ مکرمہ سمیت مختلف شہروں کے بازاروں، محلوں اور دکانوں میں غیر ملکی مزدوروں کے کاغذات کی سختی سے چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ریاض کی بلدیہ نے جمعے کو بتایا تھا کہ 10 غیر ملکی مزدوروں کو سعودی عرب سے نکال دیا گیا ہے اور کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
کچھ غیر ملکی مزدوروں نے جدہ میں موٹر سائیکل سے ایک پولیس اہلکار کو کچلنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد سعودی عرب کے سیکورٹی حکام کی سخت تنقید ہو رہی ہے۔
مذکورہ پولیس اہلکار نے ان مزدوروں کی موٹر سائیکل روکنے کی کوشش کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی لاپرواہ ڈرائیونگ سے شہریوں کے لئے خطرہ ہے جس کے بعد ان لوگوں نے اس پولیس اہلکار کو ہی کچلنے کی کوشش کی تھی تاہم پولیس نے اس واقعہ میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کر لیا ہے لیکن سعودی عرب کے سیکورٹی حکام کی مسلسل تنقید کی جا رہی ہے۔
سعودی عرب نے 2013 سے غیر ملکی مزدوروں اور ملازمین کے اخراج کا سلسلہ شروع کیا تھا جس میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔