الوقت - شام کی فوج نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ تاریخی شہر تدمر یا پالمیرا کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے پوری طرح آزاد کرا لیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پالميرا شہر پر کنٹرول روس کے فضائی حملوں سے ممکن ہو سکا۔
شام کی فوج کے بیان میں آیا ہے کہ اس وقت فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم، گھروں، سڑکوں اور گلیوں میں لگے بموں اور بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے میں مصروف ہیں۔
شام کی فوج کے بیان میں آیا ہے کہ تاریخی شہر تدمر کی اہمیت کے مد نظر، صوبہ حلب کے شمال مشرقی علاقوں میں فوج کی یہ کامیابی بہت اہم ہے جس کے دوران دہشت گرد گروہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اس سے پہلے روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو نے داعش کے کنٹرول سے پالميرا شہر کی آزادی کی اطلاع ملک کے صدر ولاديمير پوتين کو دی تھی۔
گزشتہ سال کے آغاز میں شام کی فوج اور رضاکار فورس نے تدمر یا پالميرا شہر کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا تھا لیکن دسمبر 2016 میں داعش نے ایک بار پھر اس شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔
2011 سے شام میں امریکہ اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے بشار اسد کی قانونی حکومت کی سرنگونی کے لئے وسیع پیمانے پر حملے شروع کئے۔
شام میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران اب تک لاکھوں لوگ ہلاک جبکہ دسیوں لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔