الوقت - شام کی حکومت نے سنیچر کو کہا کہ شہر حمص میں شام میں سرگرم القاعدہ کی شاخ نے جو دھماکہ کرایا ہے اس کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے اور جنیوا مذاکرات میں شامی حکومت کی مذاکرات کار ٹیم کے سربراہ بشار جعفری نے کہا کہ حمص کو نشانہ بنا کر کیا گیا دہشت گردانہ حملے کا واضح پیغام ہے اور ہم اس بات کی اجازت کبھی بھی نہیں دیں گے کہ اس حملے کا جواب نہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی حالت میں کہ امن مذاکرات جنیوا میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں ہو رہے ہیں، شام کی حکومت اس حملے کو دہشت گردوں کا واضح پیغام سمجھ رہی ہے۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن دی مستورا نے بھی خبردار کیا ہے کہ شام میں بعض عناصر شام امن مذاکرات کو اس کے راستے سے ہٹانے کی کوشش میں ہیں۔
انہوں نے جنیوا میں شامی حکومت کی مذاکرات کار ٹیم سے ملاقات سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی مذاکرات شروع ہوتے ہیں تو کچھ لوگ ایسے پیدا ہو جاتے ہیں جو مذاکرات کو خراب کرنے کی کوشش میں رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حمص میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعے، جمعرات سے شروع ہونے والے شام امن مذاکرات کو متاثر نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ شام کے حمص شہر میں دو سیکورٹی مرکز پر ہونے والے حملے میں خفیہ محکمہ کے سربراہ جنرل حسن عبول سمیت 32 سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ 25 دیگر زخمی ہوئے۔