الوقت - شام کے حلب کے علاقے کے قریب ایک خود کش ٹرک دھماکے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صوبہ حلب کے شمال میں واقع سوسيان کے علاقے میں جمعے کو دھماکہ خیز مواد سے بھرے ایک ٹرک کو اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ علاقہ فری سیرین آرمی کے کنٹرول میں ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے اور شہری سیکورٹی کے دھڑے اب بھی لاشوں کو باہر نکال رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ ٹرک بم دھماکہ ایک سیکورٹی مرکز کے قریب ہوا اور وہاں پر بڑی تعداد میں سویلین لوگ جمع ہو کر اپنے شہر یعنی الباب کی طرف واپس جانے کی تیاری کر رہے تھے۔
الباب شہر کو دہشت گرد گروہ داعش نے جمعرات کو ترکی کے حوالے کر دیا ہے۔ شام کی ایک انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں 45 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔