الوقت - یمنی فورسز نے سعودی عرب کے حالیہ حملے کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
یمنی فورسز نے سعودی عرب کے تازہ فضائی حملے کے جواب میں جنوبی یمن کے عسیر علاقے میں واقع ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل سے حملہ کیا ہے۔
المسيرہ ٹی وی کے مطابق میزائل نے سٹیک اور دقیق طریقے سے ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا۔ یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ، سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا کے شمال میں واقع ارحب علاقے میں ایک مجلس عزاء پر بدھ کو کی گئی بمباری کے جواب میں کیا گیا ہے۔ اس بمباری میں ایک بچہ اور آٹھ خواتین جاں بحق جبکہ کم سے کم دس خواتین زخمی ہو گئیں۔
یمن پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کو 22 ماہ گزر چکے ہیں اور اس دوران یمن کے تقریبا ساڑھے 11 ہزار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادی یمن کے رہائشی علاقوں، اسکولوں، ہسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں اور عوامی مقامات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وہ اپنے حملوں میں کلسٹر بم جیسے ممنوعہ ہتھیاروں کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔