الوقت - افغانستان کے امور میں روس کے صدر ولاديمير پوتين کے خصوصی ایلچی ضمیر كابلوف نے کہا کہ ماسکو کی جانب سے طالبان کی حمایت کا دعوی جھوٹا ہے اور امریکی حکام افغانستان میں روس کی پوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسپوتنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے امور میں روسی صدر کے خصوصی ایلچی اور روسی وزارت خارجہ میں ایشیائی امور کے انچارج ضمیر كابلوف نے کہا کہ امریکی حکام افغانستان میں روس کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جھوٹے اور بے بنیادی بیانات کے ذریعے طالبان کی حمایت کی وجہ سے ماسکو کی تنقید کر رہے ہیں۔
كابلوف نے کہا کہ یہ تمام کوشش، افغانستان میں امن و استحکام کے قیام میں ان کی نااہلی اور شکست کا جواز پیش کرنے کے لئے ہو رہی ہیں کیونکہ ان کے پاس اس کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات کو امریکا اور نیٹو کے کمانڈر جنرل جان نكولسن نے امریکی کانگریس میں روس اور پاکستان پر افغان جنگ میں مداخلت کرنے اور طالبان کو باضابطہ قبول کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ضمیر كابلوف نے اس بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفید جھوٹ ہے، بس اتنا ہی کافی ہے اور اس کے بارے میں مزید کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔