الوقت - مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹجک مطالعہ مرکز کے سربراہ نے فرانس کے اخبار ليمونڈ اور فرانس ٹوئنٹی فور نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں کہا ہے کہ امریکا کے متنازع صدر کی دھمکیوں سے ایران کی دفاعی ترقی میں رکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔
ڈاكٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امریکا کے نئے صدر کی دھمکیوں کو اہمیت نہیں دیتا اور واقعی ٹرمپ امریکا کے سابق صدور کے ہی راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں صرف ٹرمپ کی جانب سے ایران کے تعلق سے دشمنی ظاہر کرنے کے انداز مختلف ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم عظیم تاریخ ، تہذیب اور تمدن کی حامل ہے اور ہر قسم کے دباؤ کا سامنا کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹجک مطالعہ مرکز کے سربراہ علی اکبر ولایتی نے ایران کے خلاف امریکا کی نئی پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ امریکی سینیٹ اور کانگریس کے پاس ایران کے خلاف پابندیوں کو منظور کرنے کے علاوہ کوئی اور کام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات میں توسیع کو روکنے کی امریکی صدر کی کوشش ناکام رہے گی۔
ڈاكٹر ولایتی نے فرانس- 24 نیوز چینل کے رپورٹر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میزائل تجربے سے ایران کا ہدف مکمل طور پر دفاعی تھا اور اس طرح کے تجربات عام بات ہیں اور فرانس بھی ایسے تجربات کرتا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکیاں کسی بھی حالت میں ایران کو اپنی حفاظت کی توانائی میں اضافے سے باز نہیں رکھ سکتیں۔