الوقت - کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کیوبک علاقے کی مسجد پر ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ میں واقعے پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس فائرنگ میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی۔ اس سے قبل انہوں نے امریکا میں سات مسلم ممالک کے شہریوں کے داخلے پر عائد پابندی کے بعد تارکین وطن کو کینیڈا میں داخلے سے متعلق بھی ایک ٹویٹ کیا تھا۔ کینیڈا کے وزیر اعظم نے مسجد پر ہوئے حملے کو مسلمانوں کے خلاف دہشت گردانہ حملے سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے واقعے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے عوام مسجد پر بزدلانہ حملے کے سوگ میں ہیں۔
مسجد کے صدر محمد يانگی نے اس حملے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ گزشتہ سال بھی مسجد کے گیٹ پر کسی نے ایک جانور کا سر قلم کرکے پھینک دیا تھا جس کے بعد یہاں پر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا۔ جس وقت یہ حملہ ہوا اس وقت محمد يانگی وہاں پر موجود نہیں تھے۔ انہیں بھی اس حملے کی اطلاع مسجد میں واقعے کے وقت موجود ایک شخص نے دی تھی. انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ اس حملے میں ہلاک ہوئے لوگوں کی تعداد میں کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتے ہیں. تمام زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔