الوقت - شام کی فوج حلب صوبے اور اس کے مضافاتی علاقوں میں اپنی پیشرفت جاری رکھتے ہوئے الباب شہر کے جنوب سے سات کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ گئی ہے۔
رائ اليوم کی رپورٹ کے مطابق، شام کے انسانی حقوق مرکز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ شام کی فوج نے الباب شہر کے قریب تین دیہاتوں پر کنٹرول کر لیا ہے۔ یہ تینوں گاؤں حلب صوبے میں داعش کا آخری ٹھکانہ سمجھے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فوج جنوبی الباب شہر سے صرف سات کلومیٹر کے ہی فاصلے پر ہے۔
شام کے انسانی حقوق مرکز نے اسی طرح شمالی الباب شہر میں ترکی کے حامی مسلح گروہوں کی پیشرفت کی اطلاع دی ہے۔ اس طرح ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ شام کی فوج کے علاقے سے قریب ہونے کی صورت میں ترکی اور شام کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہو جائے گی جس کے لئے ترکی اور شام کے درمیان معاہدے کی ضرورت پڑے گی کیونکہ اس سے پہلے انقرہ حکام نے بھی کہا تھا کہ الباب شہر کے آزاد ہونے کی صورت میں اسے شام کی فوج کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔
شام کے الباب شہر پر گزشتہ چند ہفتوں سے شام، ترکی اور روس کے جنگی طیاروں کے مسلسل حملے ہوئے ہیں۔ ترکی کی فوج نے اس شہر پر فری سیرین آرمی کا کنٹرول کرنے کے لئے فرات شیلڈ نامی فوجی مہم شروع کی ہے جس کے دوران ترک حکام کے مطابق 48 ترک فوجی مارے جا چکے ہیں جبکہ آزاد ذرائع کے مطابق الباب کی آزادی کی مہم میں ترکی کے اس زیادہ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔