الوقت - اسرائیل کی کابینہ کے ایک وزیر نے بحرین کے ساتھ سیکورٹی اور اقتصادی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے درجنوں اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں کو تل ابیب میں ٹریننگ دی گئی ہے۔
العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت کی کابینہ میں علاقائی تعاون کے امور کے وزیر تساحی ہنگبی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ بحرین ایک عرب ملک ہے جس کے اسرائیل کے ساتھ قریبی اقتصادی اور سیکورٹی تعلقات ہیں، کہا کہ بحرین کے اینٹی رائٹ فورس کے کچھ كمانڈرز اور جوانوں نے تل ابیب میں ٹریننگ حاصل کی ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل اخبار کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے قریبی وزیر تساحی ہنگبی نے کہا کہ ٹریننگ کا یہ دورہ خصوصی تربیت کے تناظر میں انجام پایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل، عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کی توسیع کا سرگرم جائزہ لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ وسیع تعلقات ہیں اور یہ تعلقات روز بروز وسیع تر ہوتے جا رہے ہیں خاص طور عرب سربراہ حالیہ دنوں میں اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو کھل کر قبول کرنے میں کسی بھی قسم کے عار کا احساس نہیں کر رہے ہیں جبکہ ماضی میں ان کا زور رہتا تھا کہ یہ تعلقات خفیہ ہی رہیں۔
ہنگبی نے کہا کہ بحرینی حکام کے اسرائیل کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور سیاسی امور کے علاوہ اسرائیل کے اسپیشل ڈاكٹرز نے شاہ بحرین حمد بن عیسی آل خلیفہ اور ان کے اہل خانہ کو تل ابیب یا منامہ میں طبی سہولیات فراہم کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ اسرائیل کے ایک اقتصادی وفد نے بحرین کا دورہ کیا تھا جس میں یورپ اور امریکا کے پاسپورٹ ہولڈر تاجر تھے اور اس وفد نے اپنے دورے کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بارے میں بجرینی حکام اور تاجروں سے تبادلہ خیال کیا ۔