الوقت - میکسیکو کے صدر اینریكے پائنا نيٹو نے امریکا کے اپنے پہلے سے مقرر دورے کو منسوخ کر دیا۔ نيٹو کے اس قدم کے بعد امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میکسیکو کے صدر سے ان کی مجوزہ ملاقات 'بے سود' رہتی ۔
واضح رہے کہ نيٹو نے ٹرمپ کے اس ٹویٹ کے بعد اپنا دورہ منسوخ کر دیا جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر میکسیکو دونوں ممالک کی سرحد پر وسیع دیوار کی تعمیر کے لئے پیسے دینا نہیں چاہتا تو میکسیکو کے صدر کو اپنا دورہ واشنگٹن منسوخ کر دینا چاہئے۔
امریکا کے صدر کی جانب سے میکسیکو اور امریکا کے درمیان سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تلخی آ گئی ہے۔ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میکسیکو دیوار بنانے کے تمام اخراجات ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت فوری طور پر اس منصوبے پرعمل شروع کر دے گی۔
امریکی صدر کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے میکسیکو کے صدر نے کہا کہ یہ دیوار جوڑنے کے بجائے تقسیم کا کام کرے گی۔ نيٹو نے ٹویٹ کیا کہ میں نے پہلے بھی کہا ہے اور دوبارہ کہہ رہا ہوں کہ میکسیکو کسی بھی دیوار کے لئے کوئی ادائیگی نہیں کرے گا۔
جمعرات دیر رات پائنا نيٹو نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہم نے وائٹ ہاؤس کو آج صبح مطلع کر دیا کہ میں اگلے منگل کو واشنگٹن میں ٹرمپ کے ساتھ مجوزہ ملاقات میں شامل نہیں ہوں گا۔ اس سے پہلے بھی پائنا نيٹو نے سرحد پر دیوار کی تعمیر کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اعادہ کیا تھا کہ میکسیکو دیوار کی تعمیر کے لئے رقم نہیں دے گا جبکہ ٹرمپ ایسا کہہ رہے تھے کہ وہ اس بات کا یقینی بنائیں گے کہ میکسیکو اس کے اخراجات برداشت کرے۔ پائنا نيٹو 31 جنوری کو واشنگٹن کا دورہ کرنے والے تھے۔