الوقت - لبنان کی اسلامی مزاحمت تحریک حزب اللہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ جب تک شام میں ضرورت رہے گی اس وقت تک ہمارے جیالے وہاں پر موجود رہیں گے۔
حزب اللہ لبنان کے نائب سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ صیہونیوں سمیت دہشت گردی سے مقابلہ، حزب اللہ کی اصل پالیسی ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے لبنان کے "لديار" اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت حزب اللہ سے آمنے سامنے کی جنگ سے گھبراتی ہے اسی لئے اس نے امریکا اور بعض عرب ممالک کے تعاون سے تکفیریوں کے ذریعے جنگ شروع کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے علاقے کے بارے میں جو غلط پالیسی اختیار کی ہے اس کے مقابلے میں حزب اللہ کی پالیسی علاقائی قوموں کے مفاد میں ہے۔
حزب اللہ کے نائب سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے واضح کیا کہ سعودی عرب کو اپنی غلط پالیسیوں میں اصلاح کرنی چاہئے اور علاقائی بحران کے حل کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔