الوقت - شام کی فوج نے حلب کے مشرقی حصے میں دہشت گردوں کے ہتھیاروں اور گولے بارود کے ذخائر میں سے سعودی ساخت کے کیمیائی مواد ضبط کئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی بدھ کی رپورٹ کے مطابق، گندھک اور کلورین سے بھری ہوئی بوریاں فوج نے دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے ذخائر سے برآمد کی ہیں جن پر میڈ ان سعودی عرب لکھا ہوا تھا۔
حلب شہر میں برآمد ہونے والے ان کیمیائی مواد کا استعمال دہشت گرد بم بنانے کے لئے کرتے تھے اور انہوں نے حلب شہر کے متعدد علاقوں پر کیمیائی مواد سے حملے بھی کئے تھے ۔
شام سے ایک اور خبر یہ ہے کہ شام کی فضائیہ نے صوبہ حلب کے مشرقی حصے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔ فوج نے اسی طرح مشرقی حلب کے بعض علاقوں پر توپخانوں سے داعش کے دہشت گردوں کی کئی گاڑيوں کو تباہ کر دیا۔
در ایں اثنا صوبہ حماۃ کے مختلف علاقوں میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اور فوج نے صوبہ کے السلميۃ شہر میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا۔ فوج کی اس کارروائی میں دہشت گردوں کے دو سرغنہ حسن رمضان اور بشیر دالانی مارے گئے۔